Plot Ki Chori by Mr. Maqsood Hasan

از مقصود حسن ، کولکاتہ

Kahani Sarai- Maqsood Hasan- Mukhtalif

افسانچہ: پلاٹ کی چوری

ٹیبل ڈیوٹی پر بیٹھے داروغہ کا چہرہ غصے سے تمتما اٹھا تھا ۔۔۔اس کا بس چلتا تو سامنے بیٹھے شخص کے سر پر شیشے کا پیپر ویٹ دے مارتا ۔۔۔
جس پلاٹ کی چوری کی شکایت درج کرنے کی بات وہ کر رہا تھا اس کا نہ کوئی رجسٹریشن نمبر تھا ، نہ کوئی پرچہ جس سے داغ / کھتیان نمبر یا موضع کا پتا چلتا ۔۔۔
” جب آپ اپنے پلاٹ کا لوکیشن نہیں بتایے گا تو کیس کیسے بنے گا ؟” داروغہ نے شانت رہنے کی کوشش کی ۔۔۔
” سر، میں اپنے نئے افسانچہ کے پلاٹ کا ذکر کر رہا ہوں جسے کچھ لوگوں نے چرا لیا ہے” سامنے بیٹھے شخص نے اپنی بات سمجھانے کی کوشش کی ۔۔۔
” میں سمجھا نہیں ” داروغہ کچھ پریشان سا دکھنے لگا ۔۔۔
” سر ، میں جس پلاٹ کا ذکر کر رہا ہوں وہ خیالی ہوتا ہے ، اس کے خد و خال کا صرف تصور کیا جاسکتا ہے ” وہ شخص گویا ہوا ۔۔۔
” آپ لیکھک ہیں کیا ؟ کس بھاشا میں لکھتے ہیں ” داروغہ کے چہرے سے لگا کہ وہ بات کی تہہ تک پہنچ گیا ہو ۔۔۔
” میں اس بھاشا میں لکھتا ہوں جس میں کتابیں چھپنے کے بعد بکتی نہیں ، انہیں بانٹ دیا جاتا ہے ” اس شخص نے تلخی سے کہا ۔۔۔
” جب کتابیں بانٹی جاسکتی ہیں تو پلاٹ بھی بٹ سکتے ہیں ” یہ کہتے ہوۓ اس نے اس شخص کو باہر نکلنے کا اشارہ کیا ۔۔۔
 
نوٹ: پرچہ ، داغ ، کھتیان اور موضع محکمہ اراضی کی اصطلاحات ہیں ۔۔۔

1 thought on “Plot Ki Chori by Mr. Maqsood Hasan”

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top