Malik Zada Manzoor Ahmad

Kahani Sarai- Anjum Azimabdi- Malik Zada Manzoor Ahmad

ملک زادہ منظور احمد ، اور دوراں (انجم عظیم آبادی )

مشاعرہ کل ہند ہو یا عظیم الشان ، ہر ایک کے تقاضے الگ الگ ہوتے ہیں۔ مشاعرہ ختم ہونے کے بعد ریسٹ ہاؤس ، یا گیسٹ ہاؤس میں عموماََ شعراء حضرات یکجا ہوتے ہیں۔مشاعرے پر تبصرہ ، ہنسی مذاق ، چٹکلے ، لطیفے کے دور چلتے ہی ہیں۔ ایک کل ہند مشاعرے میں ملک زادہ ، راقم الحروف ( انجم عظیم آبادی) اور دو ، تین شاعر تھے جن کے نام یاد نہیں رہے۔ سبھی کے موجودگی میں ملک زادہ نے پٹنہ کے ایک کل ہند مشاعرے کے حوالے سے معروف ترقی پسند شاعر اویس احمد دوراں کا ذکر چھیڑ دیا۔انہوں نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "دوراں ایک اصول پسند ، اور اپنے موقف پر ڈٹے رہنے والے تھے۔پٹنہ کے ایک کل ہند مشاعرے میں ، میں نے دوراں صاحب کو دعوتِ کلام دی وہ آئے اور ایک نظم شروع کی۔مشاعرہ کانگریسیوں کے زیرِ اہتمام تھا۔محفل میں کچھ لوگ ، جن میں بیشتر نوجوان تھے ، انہوں نے ووٹنگ شروع کردی اور کہا کہ " دوسری نظم پڑھیے ، ہم اس نظم کو نہیں سنیں گے" میں نقیبِ مشاعرہ جو ہر وقت رنگِ مشاعرہ پیشِ نظر رکھتا ہے۔ میں نے دوراں صاحب سے کہا کہ " دوراں بھائ ! تھوڑی دیر آرام کر لیں ۔ میں آپ کو بلاؤں گا " تقریباً گھنٹے بھر بعد میں نے انہیں آواز دی۔انہوں نے پھر وہی نظم شروع کی۔پھر سامعین کے ایک مخصوص گروپ کی جانب سے وہی آواز کہ ہم اس نظم کو نہیں سنیں گے۔ میں نے دوراں سے کہا کہ " دوراں بھائ اور کوئ دوسری نظم نہیں ہے ، اسے سنائیے " دوراں نے جواب دیا کہ " میں پڑھوں گا تو اسی نظم کو پڑھوں گا ورنہ میں نہیں پڑھوں گا " میں نے ان سے گزارش کی کہ ایک شاعر کے بعد میں آپ کو بلاؤں گا۔پلیز آپ تشریف رکھیں " ان کو بلانے سے قبل میں نے چند کلمات ایسے کہے کہ محفل کا رنگ کچھ بدل گیا۔ تب میں نے سامعین سے گزارش کی کہ شاعر کی آزادی آپ نہیں چھین سکتے ہیں۔دوراں صاحب جس نظم کو پیش کرنا چاہتے ہیں انہیں پڑھنے دیں۔ اگر وہ نہیں پڑھیں گے ، اور آپ انہیں نہیں سنیں گے تو میں بھی اٹھ جاؤں گا اور مشاعرے کو آپ سنبھالیں گے " یہ کہہ کر میں نے دوراں کو آواز دی اور انہوں نے وہی نظم پیش کی جس کا انتخاب انہوں نے کر رکھا تھا۔ ان کی جگہ پر کوئ اور شاعر ہوتا تو ممکن تھا کہ وہ سامعین کی ہوٹنگ کے آگے سرِ تسلیم خم کر دیتا۔وہ دوراں ہی تھے جنہوں نے اپنا پرچم بلند رکھنا ضروری سمجھا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top